ٹرین حادثے میں مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ نکل آیا اور پھر ۔۔۔ جانیں ایسا واقعہ جس پر آپ کو بھی یقین نہیں آئے گا

ویسے تو کئی خبریں سنتے ہیں کہ عمارت کے ملبے سے کئی دنوں بعد بھی ایک انسان زندہ بچ گیا، یا گزشتہ سال کراچی میں جہاز کے حادثہ میں معجزانہ طور پر بچ جانے والا شخص، یہ خبریں لوگوں کی توجہ حاصل کر چکی ہیں۔

مگر آج جس واقعے کے بارے میں بات کرنے جا رہے ہیں وہ کچھ مختلف ہے۔ بھارت میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 11 سال بعد ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص زندہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 11 سال پہلے بھارتی شہر جانی شوری میں ہونے والے ہولناک حادثے میں ہلاک ہونے والے شہری امرت ون چوہدری زندہ ہے۔

امرت کی موت سے متعلق حیرت انگیز خبر سامنے آئی ہے، 2010 میں ہونے والے حادثے میں امرت کے گھر والوں نے امرت کے بھی ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا تھا، بھارتی حکومت نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 4 لاکھ روپے مالی امداد اور سرکاری نوکری کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم سی بی اے کی حالیہ انویسٹیگیشن میں یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ امرت ٹرین حادثے میں ہلاک نہیں ہوا تھا، بلکہ گھر والوں نے سرکاری امداد لینے کے لیے ڈرامہ رچا تھا۔ امرت کے اہل خانہ نے امرت کو مردہ قرار دے کر 4 لاکھ روپے کی سرکاری امداد اور سرکاری نوکری بھی حاصل کرلی تھی۔

امرت 11 سالوں سے سب کو چکما دے رہا تھا مگر انویسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ نے امرت کو ہفتے کی شام کلکتہ سے گرفتار کر لیا، حادثے کے وقت امرت کی عمر 27 سال تھی جو کہ اب 38 سال ہوگئی ہے۔ واضح رہے بھارتی شہر جانی شوری میں پیش آنے والے اس حادثے میں 148 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، متعدد لاشیں شناخت کے قابل نہیں تھیں جنہیں ٹرین کے ٹکٹ کی مدد سے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *